کراچی : کلفٹن کےٍ شاپنگ مال میں برقی سیڑھی کے حادثے میں زخمی بچے کے معذور ہونے کا خدشہ ہے ، والدہ کا کہنا ہے کہ ہم لوگ چیخے چلائے اور کہا میرے بچے کو بچالو لیکن انتظامیہ دیر سے آئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن کےٍ شاپنگ مال میں دلخراش واقعہ میں زخمی بچے کے معذور ہونے کا خدشہ ہے۔
والدین نے انتظامیہ پر غفلت کا الزام لگاتے ہوئے کہا شاپنگ مال میں بچے کا پاؤں برقی سیڑھی میں آیا، جس کے بعد انتظامیہ بہت دیرسے پہنچی۔
والدہ نے بتایا کہ بچے کی خواہش پر شاپنگ مال آئے تھے کہ پاؤں برقی سیڑھی میں آگیا، ہم لوگ چیخے چلائے اور کہا میرے بچے کو بچالو لیکن انتظامیہ دیر سے آئی۔
بچے کے والدہ نے کہا شاپنگ مال انتظامیہ کے نہ آنے پر والدین نے بچے کو گھسیٹ کر باہر نکالا ، برقی سیڑھی کا بٹن خراب تھا، جس کے باعث بند کرنے میں بہت دیر کی گئی۔
والدہ کا کہنا تھا کہ برقی سیڑھی کا کچھ حصہ ٹوٹا ہوا تھا کوئی اور بچہ ہوتا تو پورا اندر چلا جاتا۔
اس حوالے سے پولیس حکام نے کہا 4مرتبہ متاثرہ والدین کے پاس اسٹیٹمنٹ کےلیےجاچکےہیں، والدین کہتےہیں بچےکی ریکوری دیکھ کرفیصلہ کریں گے۔
حکام نے بتایا کہ شاپنگ مال انتظامیہ کو خط لکھ دیا ہے ، جس کے جواب کا انتظار ہے۔