راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں آپریشن کے دوران چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سبی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا، اس دوران دہشت گردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بھاگتے ہوئے دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کی تاہم فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق بلوچ نیشنلسٹ آرمی (بی این اے) سے ہے، ہلاک دہشت گردوں میں نصیب اللہ بنگل زئی، پیر جان اور رکئی کلوہی شامل ہیں۔
ترجمان پاج فوج کے مطابق دہشت گرد 20 جنوری کو انار کلی لاہور دھماکے اور سبی حملوں میں ملوث تھے، آپریشن کے دوران مختلف نوعیت کے ہتھیار اور گولیاں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی نثار شہید اور 2 زخمی ہوئے، سکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن و استحکام خراب کرنے کی ہر سازش ناکام بنا دیں گی۔