لاہور : ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے خطرے کی گھنٹی بجادی اور کہا رواں ہفتے کے دوران گزشتہ ہفتے کے مقابلے 60 فیصد زائد ڈینگی لاروا برآمد ہوا۔
تفصیلات کے مطابق لاہورمیں ڈینگی مچھروں کی بھرمار کے بعد ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے خطرے کی گھنٹی بجادی ، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران گزشتہ ہفتے سے 60 فیصد زائدڈینگی لاروا برآمد ہوئے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ جن علاقوں سے سب سےزیادہ ڈینگی لاروا برآمد ہوئے، ان میں سمن آباد،راوی،نشتراورشالیمارٹاؤن شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ورکرزڈینگی لارواتلف کرنے کے بجائے جعلی رپورٹ جمع کروارہے ہیں جبکہ لاہور میں آؤٹ ڈور سرویلنس بھی مناسب نہیں ہورہی۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں پنجاب بھر میں کرونا اور ڈینگی کے ریکارڈ کیسز رپورٹ ہونے لگے تھے، جس کے بعد محکمہ صحت پنجاب نے انتھک کوششیں کیں اور عالمی وبا کرونا کے خلاف جنگ کے ساتھ ساتھ ڈینگی کو کنٹرول کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے۔
محکمہ پنجاب صحت کی ٹیموں نے صوبے بھر میں متعدد مقامات پر ڈینگی کا لاروا تلف کیا اور ڈینگی کا سبب بننے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے باعث ڈینگی پر قابو پانا ممکن ہوا۔