اسلام آباد : اپوزیشن لیڈرشہبازشریف نے تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ والے دن فل پروف سیکیورٹی کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے وفاقی سیکریٹری داخلہ کوخط لکھا ، جس میں کہا گیا کہ اتوارکوقومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتمادکی ووٹنگ ہے، ایم این ایز کی فل پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔
شہبازشریف کی جانب سے خط میں ووٹنگ والے دن ایک لاکھ پی ٹی آئی ورکرزلانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامی اور پولیس آئین وقانون کے مطابق فرائض سر انجام دے۔
اپوزیشن لیڈر نے نئے وزیراعظم کے انتخابات والے دن بھی فل پروف سیکیورٹی کا مطالبہ کیا۔
شہبازشریف نے خط کی کاپی کمشنر اسلام آباد،ڈی سی اور آئی جی اسلام آباد کو بھی ارسال کردی ہے۔
گذشتہ روز ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن نے مطالبہ کیا تھا کہ تحریک عدم اعتماد پر فوری ووٹنگ شروع کی جائے، تاہم ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس ملتوی کر دیا تھا۔