لاہور: علیم خان نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ پرویز الہیٰ کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہتے تھے، اور آج سارے ووٹ اسی کو ڈالنا چاہتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ناراض رہنما علیم خان نے کہا کہ میں نے پرویزالہٰی کو کبھی سب سے بڑا ڈاکو نہیں کہا تھا، آپ ہی کہتے تھے لیکن جسے ڈاکو کہتے تھے آج سارے ووٹ اسی کو ڈالنا چاہتے ہیں۔
علیم خان نے کہا پرویز الہٰی کو ووٹ ڈالنا تھا تو 26 سال کی محنت کیوں کی، چوہدری شجاعت کا محب وطن بیٹا اپوزیشن کے ساتھ کھڑا ہوا، مونس الہیٰ نے بازار لگا رکھا ہے، 5 سے 6 کروڑ کی بولیاں لگائی جا رہی ہیں، افسوس اور دکھ ہوتا ہے کہ اب نیا پاکستان پرویز الہٰی بنائیں گے، پانچ سیٹوں کے لیے سمجھوتہ کرنا تھا تو اتنی بڑی تحریک کی ضرورت کیا تھی۔
انھوں نے کہا خان صاحب میں پوچھتا ہوں آپ بتا دیں کیا مجھ سے زیادہ کسی کی قربانی ہے، ایم پی اے بننے کے 10 روز میں 4 بار نیب آفس بلایا گیا، نیب کے دفتر چوتھی بار گیا تو ٹی وی پر چل رہا تھا عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ بنا دیاگیا، خان صاحب آپ مجھے بلاتے اور کہتے میں تمھیں وزیر اعلیٰ نہیں بنا سکتا۔
علیم خان گروپ نے پرویز الہیٰ کی حمایت سے انکار کردیا
علیم خان نے کہا خان صاحب سے پوچھتا ہوں جو کرپشن میں نے 6 ماہ کی تھی وہ قوم کے سامنے لائیں، ثبوت تھے تو 100 دن جیل میں رہا اس کے بعد آج بھی صرف تفتیش جاری ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ عمران خان سامنے آ کر بیٹھیں مجھ سے بات کریں، کوئی تبادلہ نہیں ہوتا جب سی ایم آفس میں پیسے نہ دیے جائیں، پنجاب میں ڈی سی لگانے کے لیے 3،3 کروڑ روپے لیے جاتے ہیں، فرح بی بی نے ہر ٹرانسفر، پوسٹنگ میں بہت پیسے لیے، آپ کا میسج میرے فون میں ہے میں نے بزدار کی ایک ایک کرپشن بتائی ہے، بزدار کی ایک ایک کرپشن کو قوم کے سامنے لاؤں گا۔
علیم خان نے کہا میری تصویر لگا کر کہتے ہیں امریکی سفیر سے ملا ہوں، خان صاحب میں تو آپ کے گھر میں امریکی سفیر سے ملا تھا، جب اپوزیشن میں تھے تو امریکی اور یورپی سفیروں سے نہیں ملتے تھے؟
انھوں نے کہا آئین و قانون کہتا ہے عدم اعتماد پیش ہو تو اسمبلی نہیں توڑی جا سکتی، پوری قوم نے دیکھا ہے اسمبلی میں 199 لوگ بیٹھے تھے، میچ آپ کے حق میں نہیں تو وکٹ اٹھا کر بھاگ گئے کیا یہ اسپورٹس مین اسپرٹ ہے، کون محب وطن کون غدار ہے مجھے سب پتہ ہے، 4 بیوروکریٹس پکڑے جائیں تو قوم کو پتا چل جائے گا کس نے کیا کیا ہے۔