کراچی : پولیس مقابلے میں زخمی ہونے والا ملزم کئی سنگین وارداتوں میں ملوث نکلا، دوران تفتیش اہم انکشافات نے پولیس حکام کو بھی چکرا دیا۔
کراچی کے علاقے سچل تھانے کی حدود میں ہونے والے پولیس سے مقابلے کے بعد گرفتار ہونے والا زخمی ملزم دیگر مقدمات میں انتہائی مطلوب نکلا۔
اس حوالے سے ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم خضر نے دوران تفتیش بہت سے اہم انکشافات کیے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق راجن پور کے بدنام زمانہ بوسن گینگ نامی گروپ سے ہے، ملزمان راجن پور سے وارداتیں کرنے کراچی آتے ہیں۔
ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ ملزمان ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کا بین الصوبائی منظم نیٹ ورک چلاتے ہیں، ملزمان دوران واردات کسی کو بھی زخمی یا قتل کرنے سے نہیں کتراتے۔
گزشتہ13مارچ کو محمدخان گوٹھ میں ایک پکوان سینٹر میں ڈکیتی کی واردات کی گئی، مزاحمت پر مسلح ڈاکوؤں نے دکاندار کے سر پر گولی ماردی تھی۔،
پولیس کے مطابق اندھادھند فائرنگ کے دوران ملزم کا ایک ساتھی بھی زخمی ہوا، زخمی ملزم کی لوکل سہولت کار نے گھر پر مرہم پٹی کی۔
عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ مزید طبی امداد کے لیے ملزم کو راجن پور منتقل کیا گیا، دیگرملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔