گلوکار اور اداکار فرحان سعید کا کہنا ہے کہ لوگ جاننا چاہ رہے ہیں کہ میرے بیڈ روم میں کیا ہورہا ہے ایسی خواہش رکھنے والوں کو روک یا ٹوک نہیں سکتے ہیں۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’میرے ہمسفر‘ میں حمزہ کا شاندار کردار نبھانے والے اداکار فرحان سعید نے حالیہ دنوں میں بی سی سی کو انٹرویو دیا جس کا کلپ وائرل ہورہا ہے۔
فرحان سعید نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں نشر ہونے والے ڈرامے ’میرے ہمسفر‘ میں نیچرل اداکاری کی ہے جس وجہ سے ان کی اداکاری کو سراہا جا رہا ہے۔
ذاتی زندگی سے متعلق سوشل میڈیا پر معلومات شیئر کرنے اور اس پر لوگوں کی تنقید کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں فرحان سعید نے کہا کہ سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کرنے کا مقصد یہ نہیں کہ وہ لوگوں کو یہ بھی بتائیں کہ ان کے بیڈ روم میں کیا ہو رہا ہے۔
اداکار نے مزید بتایا کہ تاہم وہ ان لوگوں کو روک بھی نہیں سکتے جن کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ جان سکیں کہ اداکار کے بیڈ روم میں کیا ہو رہا ہے۔
View this post on Instagram
فرحان سعید نے واضح کیا کہ جب بھی کوئی معروف شخصیت کوئی مواد سوشل میڈیا پر شیئر کرے گی تو اس کے منفی اور مثبت دونوں پہلو نکلیں گے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ تعریفوں کو سنا جائے اور تنقید پر برہمی کا اظہار کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مشہور ہونے کی قیمت چکانی پڑتی ہے، مشہور افراد کا یہ عمل غلط ہے کہ اچھی چیزوں پر خوش ہوتے ہیں اور بری چیزوں پر کہتے ہیں کہ انہیں وہ نہیں چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں فرحان سعید نے بتایا کہ انہوں نے آج تک جن بھی اداکاراؤں کے ساتھ کام کیا ہے، ان کی جوڑی کو پسند کیا گیا اور انہیں بہترین جوڑی کے چار ایوارڈ بھی مل چکے ہیں۔
ان کے مطابق ماضی کی طرح اس بار بھی ان کی جوڑی کو پسند کیا جا رہا ہے اور لوگ انہیں ہانیہ عامر کے ساتھ ’میرے ہمسفر‘ میں دیکھ کر خوش ہو رہے ہیں۔
فرحان سعید کا کہنا تھا کہ یہ اتفاق ہے کہ انہوں نے ہر ڈرامے می پھوپھو یا چچا کی بیٹی سے شادی اور محبت کی، ڈرامے کا اسکرپٹ پڑھتے وقت انہوں نے ان باتوں پر خیال ہی نہیں کیا مگر ان کے مداحوں نے ان کی یہ بات بھی نوٹ کی۔