ٹوکیو : جاپان کوسٹ گارڈ (جے سی جی) نے ہفتے کے روز شمالی جاپان کے مشرقی ہوکائیڈو میں ایک سیاحتی کشتی کے کل 26 مسافروں اور عملہ کے ساتھ لاپتہ ہونے کے بعد 10 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کاجو نامی سیاحتی کشتی کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ہفتے کی دوپہر مشرقی ہوکائیڈو میں شیریٹکو جزیرہ نما کے نزدیک تفریحی مقامات کے سفر کے دوران اس کشتی کے پانی میں ڈوبنے کی اطلاع ملی اور پھر یہ لاپتہ ہو گئی۔
کشتی میں عملے کے دو ارکان کے ساتھ 24 مسافر سوار تھے جن میں دو بچے بھی شامل تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں سات مرد اور تین خواتین شامل ہیں۔
کوسٹ گارڈ فورسز کے مطابق مقامی وقت کے مطابق دوپہر قریب ایک بج کر 15 منٹ پر حادثہ کی اطلاع ملی اور گشتی کشتیوں کو مقامی وقت کے مطابق شام 5:30 بجے کے قریب امدادی کام کے لیے جائے وقوعہ کی جانب روانہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اس سائز کی کشتی میں عام طور پر لائف بوٹس نہیں ہوتیں، اور مسافر ڈوبتے ہوئے جہاز سے باہر کودنے کے قابل نہیں ہو سکتے تھے کیونکہ امکان ہے کہ اس کی کھڑکیاں انہیں تیز ہواؤں سے بچانے کے لیے بند کر دی گئی ہوں گی۔