اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب سے متعلق اے آر وائی نیوز پر خبر چلنے کے بعد وزیراعظم ہاؤس کے عملے کی دوڑیں لگ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز پر خبر چلنے کے بعد وزیراعظم ہاؤس کے عملے کی دوڑیں لگ گئیں ، وزیراعظم ہاؤس کے عملے نے پی آئی اے حکام سے رابطہ کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دورے کیلئے اب پورا جہازنہیں، صرف 80 سیٹیں بک کردیں، ٹکٹس کی ادائیگی وزارت خارجہ کرے گا۔
اس سے قبل وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے لیے پی آئی اےطیارہ اسٹینڈ بائی رکھنے کے حکم سے متعلق اےآر وائی نیوز کی خبر درست ثابت ہوئی تھی۔
مریم اورنگزیب نے ٹوئٹ میں اے آروائی نیوز کی خبر کو فیک قرار دیا تھا، لیکن وزارت خارجہ کے خط میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے بوئنگ 777 کو اسٹینڈبائی رکھا جائے۔
وزارت خارجہ کے خط میں کہا گیا تھا وی وی آئی پی سعودی عرب جا رہے ہیں، جمعرات 28 اپریل کی دوپہر 2 بجے طیارہ اسلام آباد سے مدینہ کیلئے روانہ ہو گا اور جمعہ 29اپریل کو دوپہر ڈیڑھ بجے طیارہ مدینہ سے جدہ کیلئے روانہ ہو گا۔
خط کے مطابق 30 اپریل کی صبح 5 بجے طیارہ جدہ سے اسلام آباد کیلئے پرواز کرے گا، وزارت خارجہ نےپی آئی اے سے چارٹر طیارے پر جواب دینےکی ہدایت کی تھی۔