اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز کا کہنا ہے کہ یہ طے ہے کہ ہم اپنا ہدف حاصل کرکے ہی اسلام آباد سے جائیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت ملک پر مسلط کردی گئی ہے اب ملک کسی بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا واحد حل انتخابات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، بات اب پی ٹی آئی اور عمران خان کی نہیں بلکہ پاکستان کی ہے، دھرنے سے متعلق فیصلہ عمران خان ہی کریں گے۔
شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کے خلاف مقدمات انتہائی بھونڈی کوشش ہے، ملکی خودمختاری اس وقت داؤ پر لگی ہوئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فرح خان کو عمران خان کے ساتھ جوڑا گیا اس لیے وضاحت دی گئی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت نے عمران خان کی کردار کشی کے لیے دو فرمز کی خدمات حاصل کی ہیں، ہمارا کسی ادارے کے ساتھ کوئی ذاتی مسئلہ نہیں ہم کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جو ہمارا دشمن چاہتا ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ امریکی دفاعی تجزیہ کار کا انٹرویو دیکھ لیں انہوں نے کیا کہا ہے، روس سے 30 فیصد سستا تیل اور گندم خرید رہے تھے ثابت ہوگیا کہ ہمارے ملک کے فیصلے کوئی اور کرتا ہے۔