لاہور: ذرائع کا کہنا ہے کہ آج بلائے گئے پنجاب اسمبلی اجلاس میں 4 ڈی سیٹ ارکان کی جگہ نئے رکن حلف اٹھا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں انتہائی بدمزگی کی صورت حال پیدا ہو چکی ہے، اسپیکر آفس کی جانب سے اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس میں عدم اعتماد کی دونوں تحریکیں شامل ہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد ن لیگ نے 6 اپریل کو جمع کرائی تھی جب کہ ڈپٹی اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پی ٹی آئی نے 7 اپریل کو جمع کرائی تھی۔
دوسری طرف انتہائی ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کے جو 25 ارکان ڈی سیٹ ہوئے ہیں، ان میں 5 ایسے ارکان ہیں جن کا آج حلف اٹھانے کا امکان ہے۔
پولیس نے پنجاب اسمبلی کو کیوں گھیرے میں لیا، اے آر وائی نیوز نے پتا لگا لیا
ذرائع اسپیکر آفس نے کہا ہے کہ آج پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں مخصوص نشستوں کے ارکان حلف اٹھا سکتے ہیں، جن میں 2 اقلیتی اور 3 خواتین ارکان شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ نئے پی ٹی آئی ارکان کے حلف سے پرویز الٰہی بہتر پوزیشن میں آ جائیں گے۔
واضح رہے کہ لاہور پولیس نے ارکان کو حلف لینے سے روکنے کے لیے صوبائی اسمبلی کے دروازے بند کر دیے ہیں، اسمبلی اجلاس سے پہلے پنجاب پولیس نے اسمبلی کا کنٹرول سنبھال کر اسمبلی ملازمین کو بھی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جانے سے روک دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے نئے ایس او پیز جاری کر دیے گئے ہیں، اسمبلی اجلاس میں صرف ارکان اسمبلی کو شناخت کے بعد جانے کی اجازت ہوگی، اور میڈیا گیلری بند کر دی گئی ہے، ارکان اسمبلی کا اسٹاف بھی اسمبلی میں داخل نہیں ہو سکے گا۔