جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

ایئر پورٹس پر مسافروں کی گھریلو اور کھانے پینے کی اشیاء ضبط

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : ایف بی آر کی جانب سے بیرون ممالک سے پرتعیش اشیاء کی درآمد پر پابندی کا ناجائز فائدہ اٹھانا شروع کردیا گیا پابندی کی آڑ میں کسٹم اہلکاروں نے مسافروں کی گھریلو استعمال اور کھانے پینے کی اشیاء بھی ضبط کرلیں۔

ایف بی آر کی جانب سے پاکستان بھر کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ان اشیاء کی اسمگلنگ کو روکنے کے لئے سخت نگرانی مسافروں کے لیے پریشانی کا سبب بن گئی۔

ملک میں نئی حکومت کی آمد اور جاری احکامات کے بعد اوورسیز پاکستانی مزید پریشانی کا شکار ہونے لگے، محکمہ کسٹم نے ائیرپورٹس پر گھریلو استعمال کی کھانے پینے کی اشیاء پکڑنا شروع کردیں۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مسافروں سے ممنوعہ اشیاء ضبط کرلی گئی ہیں۔

وفاقی حکومت کی ہدایات کے بعد ملک بھر کے ائرپورٹس پر کسٹم اہلکاروں کو38اشیاء کی درآمد پر پابندی کے احکامات دے دیے گئے ہیں۔

جناح ائرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کا سامان اسکین کرنے کی ہدایت کی گئی جس کے بعد لاکھوں روپے مالیت کا ممنوعہ سامان ضبط کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے سامان سے 76کلو گرام چاکلیٹس،127کلو گرام پھل،42کلوگرام، سینیٹری کا سامان،213استعمال شدہ موبائل فون اور 96 قیمتی جوتے ضبط کرلیے گئے۔

مذکورہ پابندی کے بعد اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے اپنے بچوں کے لیے لائی جانے والی چاکلیٹس اور بسکٹس ضبط کرنا شروع کردیے گئے۔

ایف بی آر نے کمرشل استعمال کے لیے کھانے پینے کی اشیاء چاکلیٹس، بسکٹس پھل اور پاؤڈر جوسز پر پابندی لگائی تھی، جناح ایرپورٹ پر محکمہ کسٹم نے ایف بی آر احکامات پر مسافروں کے ذاتی استعمال کی اشیاء ضبط کرنا شروع کردیں۔

واضح رہے کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور چیئرمین ایف بی آر کی ہدایات ہیں کہ ذاتی استعمال کے لیے غیر تجارتی کم مقدار میں سامان لانے والے مسافروں کوپریشان نہ کیا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ قانونی دفعات کے مطابق تمام ہوائی اڈوں پر ایسے مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے تاکہ انہیں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں