بھکر: راولپنڈی سے ملتان جانے والی ایک ٹرین سے 5 سالہ بچی گر کر شدید زخمی ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق مہر ایکسپریس سے پانچ سال کی ایک بچی گر کر شدید زخمی ہوگئی ہے، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی بچی سے ایک تصویر اور ٹیکسلا سے ملتان کا ریلوے ٹکٹ برآمد ہوا ہے۔
ریسکیو کے مطابق مقامی لوگوں کو ریلوے ٹریک کے قریب ایک زخمی بچی ملی تھی، جسے دیکھ کر انھوں نے ریسکیو کو اطلاع دے دی۔
ریسکیو ٹیموں نے بچی کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دیا ہے، اور ورثا کی تلاش شروع کر دی۔
یاد رہے کہ نومبر 2021 میں بھی کراچی سے پشاور جانے والی تیز رفتار ٹرین سے ایک بچہ باہر جا گرا تھا، یہ دل دہلا دینے والا واقعہ سکھر کے قریب پنو عاقل میں پیش آیا تھا، جہاں رحمان بابا ایکسپریس کی کھڑکی سے بچہ باہر گرِ گیا تھا۔
مسافروں کا کہنا تھا کہ بچہ کھڑکی سے بندھے جھولے میں سو رہا تھا کہ اس دوران کھڑکی میں راڈ نہ ہونے کی وجہ سے وہ باہر جا گرا، جس پر ایمرجنسی بریک لگا کر ٹرین کو روکا گیا اور فوری طور پر بچے کی تلاش شروع کر دی گئی، 2 گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد بچہ زخمی حالت میں مل گیا تھا۔