پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حلیم عادل شیخ کو بجٹ اجلاس میں شرکت سے روکا گیا جب کہ انہیں بیٹی کی شادی کی تقریب میں بھی شرکت سے روکنے کی کوشش کی گئی۔
اینٹی کرپشن کو حلیم عادل شیخ کو ہر صورت گرفتار کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ حلیم عادل ضمانت کرا چکے لیکن اینٹی کرپشن ٹیمیں گھر کے اطراف گھوم رہی ہیں۔
دوسری جانب حلیم عادل شیخ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہےکہ ضمانت کے باوجود پولیس مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے، آج صبح سے مشکوک گاڑیاں گھر کے اطراف گھوم رہی ہیں، کچھ دن بعد میری بیٹی کی شادی بھی ہے۔
حلیم عادل نے کہا کہ شادی کی تیاریوں کے سلسلے میں گھر پر موجود ہوں، اینٹی کرپشن کو آج مجھے گرفتار کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا، پورے کراچی کے اینٹی کرپشن افسران کو میرے پیچھے لگایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج سندھ اسمبلی میں بجٹ بھی پیش کیا گیا، مجھے بجٹ اجلاس میں شرکت سے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے، گزشتہ برس بھی بجٹ اجلاس میں تقریر کا موقع نہیں دیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، میری آواز دبائی جا رہی ہے، آج سندھ اسمبلی میں بھی خاتون کے ساتھ غیر اخلاقی حرکت کی گئی، عمران خان کا سپاہی ہوں امپورٹڈ حکومت سے نہیں ڈریں گے۔