تازہ ترین

صدر مملکت کا انکار، وفاقی حکومت کا ترمیم بل سے متعلق اہم اعلان

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے الیکشن اور نیب آرڈیننس ترمیمی بل پر دستخط نہ کرنے پر حکومت نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے صدر مملکت کی جانب سے بغیر دستخط کے واپس کیے گئے الیکشن ترمیمی بل اور نیب ترمیمی بل اسپیکر راجہ پرویز اشرف کو بھجوا دیئے ہیں۔

صدر مملکت کی جانب سے دستخط نہ کرنے پر حکومت نے اب دونوں بلوں کےگزٹ نوٹی فکیشن جاری کرنےکا فیصلہ کیا ہے، گزٹ نوٹی فکیشن دس روز میں جاری کر دیا جائے گا، مشترکہ اجلاس کی منظوری کےبعد دونوں بل گزٹ نوٹی فکیشن سےقانون بن جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت نے گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری دے دی

اس سے قبل صدر مملکت نے نیب ترمیمی بل بغیر دستخط واپس کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہوں کہ صدر پاکستان کے بل پر دستخط نہ کرنے کے باوجود یہ بل قانون کی حیثیت اختیار کرلے گا لیکن میرا ضمیر مجھے احتساب ترمیمی بل پر دستخط کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔

یاد رہے کہ نو جون کو ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2022 اور نیب آرڈیننس 1999 ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کئے گئے تھے۔

Comments

- Advertisement -