لندن: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر عادل رشید حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے بھارت کے خلاف وائٹ بال سیریز اور ٹی انگلینڈ کے ٹوئنٹی بلاسٹ سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق لیگ اسپنر کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ اور کاؤنٹی کرکٹ کلب یارکشائر سے چھٹی مل گئی ہے، عادل رشید بھارت کے علاوہ ٹوئنٹی بلاسٹ کے آخری مرحلے میں بھی شرکت نہیں کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق عادل رشید ہفتہ کو سعودی عرب کے لیے روانہ ہوگے اور توقع ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف محدود اوورز کی سیریز سے قبل جولائی کے وسط میں واپس آجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ "میں کافی عرصہ سے جانے کا سوچ رہا تھا لیکن مجھے وقت کی کمی کی وجہ سے مسائل کا سامنا تھا۔”
عادل رشید نے کہا کہ میں نے انگلش کرکٹ بورڈ اور یارکشائر سے اس بارے میں بات کی اور انہوں نے مجھے فورا اجازت دے دی، انہوں نے کہا کہ میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ جارہا ہوں اور دو ہفتے قیام کروں گا۔