اشتہار

‘ ہم قومی اداروں کو کسی مخالف کے خلاف استعمال نہیں کریں گے ‘

اشتہار

حیرت انگیز

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کے تمام اداروں کو مخالفین کیخلاف استعمال کیا لیکن ہم ایسا نہیں کریں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے تمام اداروں کو مخالفین کیخلاف استعمال کیا لیکن ہمیں آئے ڈھائی، تین ماہ ہوگئے ہیں ہم نے کسی کی پگڑی نہیں اچھالی نہ اچھالیں گے، ہم قومی اداروں کو اپنے کسی مخالف کے خلاف استعمال نہیں کریں گے۔

وزیر دفاع نے اپنے خطاب میں الزام عائد کیا کہ عمران خان دوسرے ممالک کے پلیٹ فارم استعمال کرکےعمران پاکستان اور اداروں پر حملہ آور ہے، کینیڈا کی پارلیمنٹ میں ہمارےادارے کے سربراہ کو ہدف تنقید بنایا گیا، کینیڈین پارلیمنٹیرین ہمارے ایک ادارے اور ریاست پر حملہ کرتا ہے، کینیڈین حکومت کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے تھا، کینیڈا کو پاکستان میں انسانی حقوق کامعاملہ نظر آرہا ہے کشمیر اور فلسطین میں نہیں، اسلامو فوبیا کے واقعات میں 5 سال کے دوران کینیڈا سرفہرست ہے، سفارتی آداب اجازت نہیں دیتے مگر اشتعال دلایا جائے تو جواب دینا چاہیے۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں حکومت کو آئینی طور پر ہٹایا گیا ہے، یہاں سے سفارتی سطح پر بھی کینیڈا سے احتجاج کیا گیا ہے، افسوس عالمی دنیا میں مسلمانوں کو ہدف کانشانہ بنانا ایک رواج بن گیا ہے، ہندوستان میں حجاب کونوچا جارہا ہے، دنیا میں مسلمانوں کے بھی بنیادی حقوق ہیں کیا انہیں میسر ہیں، افسوس جب مسلمانوں کا معاملہ آتا ہے تو عالمی ضمیر سویا ہوتا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے ہمارے ملک میں جمہوریت مضبوط نہ ہو اسے تسلیم کرتا ہوں، لیکن اس وقت پارلیمنٹ میں اکثریت بیٹھی ہے اور اقلیت استعفے دے کر باہر ہے، بیرون ملک مقیم اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، لیکن سابق حکومت نے اوور سیز پاکستانیوں کو بھی تقسیم کیا اور عمران خان نے پاکستان کیساتھ بیرون ملک بھی ہنگامے کرانے کی کوشش کی، کوئی تو ہے جو اس قسم کا ماحول بنا کر دے رہا ہے،وہ نفرتوں کاپیامبرہے، جو اپنوں کو بھی محبت نہ دےسکا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 4 سال اس قوم کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا، اس کی میراث زہر اور نفرت کے علاوہ کچھ نہیں، کچھ لوگ ہیں جن کی آنکھیں ابھی بھی نہیں کھلیں، آنے والا وقت بتائے گا کہ عمران خان ملک کو کتنی دہائیاں پیچھے لے گیا ہے اور معاشرے کو کتنا نقصان پہنچایا ہے، میرا پیغام ہے کہ سیاست اور پسند نا پسند کے چکر میں پاکستان کی ساکھ کو نقصان نہ پہنچائیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں