جمعہ, مئی 17, 2024
اشتہار

کراچی میں موسلا دھار بارش، سڑکیں ڈوب گئی، کرنٹ لگنے سے لڑکا جاں بحق

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی میں موسلا دھار بارش نے شہر کو تالاب میں بدل دیا، کرنٹ لگنے سے لڑکا جاں بحق ہوگیا، زیر آب مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک جام ہونے سے شہریوں کا اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق جمعرات کے روز بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی جس سے جل تھل ایک ہوگیا اور سڑکیں زیر آب آنے سے مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا جب کہ کرنٹ لگنے سے نوعمر لڑکا بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

جمعرات کے روز شہر قائد کے مختلف علاقوں نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا میں موسلا دھار بارش ہوئی جب کہ ملیر، نمائش چورنگی، صدر ضلع شرقی کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے تیز بارش ہوئی جس کے نتیجے میں نشیبی علاقے، مرکزی شاہراہیں زیر آب آگئیں، نارتھ کراچی میں کرنٹ لگنے سے 13 سال کا لڑکا جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق بچے کو گھر کے اندر آتے ہوئے مرکزی دروازے سے کرنٹ لگا۔

- Advertisement -

موسلا دھار بارش کے نتجے میں ناگن چورنگی، یوپی موڑ، پاور ہاؤس چورنگی اور اطراف میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا اور گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہوگئی جب کہ ناگن چورنگی پر پانی جمع ہونے کے بعد گرین بس سروس کو بھی بند کر دیا گیا، اس کے علاوہ ناظم آباد، بورڈ آفس، شاہراہ پاکستان، سہراب گوٹھ ، یونیورسٹی روڈ، موسمیات آفس سمیت دیگر کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا مختلف علاقوں میں برساتی اور گندے نالے ابلنے سے بھی صورتحال ابتر ہوئی۔

 

سڑکیں زیر آب آنے کے باعث مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور لوگ کئی کئی گھنٹوں بعد گھروں کو پہنچے جب کہ مختلف علاقوں میں برساتی پانی میں ڈوبنے کے باعث متعدد گاڑیاں بھی خراب ہوگئی جن کی مدد کیلیے ٹریفک پولیس اہلکار حرکت میں آگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ ہفتے کے روز تک جاری رہے گا۔

Comments

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں