تازہ ترین

دھاندلی ہوئی تو حالات سری لنکا کی طرح ہوں گے، شاہ محمود

ملتان : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انتخابات شفاف نہ ہوئے تو صورتحال سنگین ہوجائے گی۔

ملتان میں نماز عید الاضحیٰ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ17جولائی کو ضمنی انتخابات شفاف ہونے چاہئیں، اگر گڑبڑ ہوئی تو سری لنکا جیسے حالات پیدا ہوسکتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت نے پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جبکہ گھی، آئل اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی آسمان پر پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی بے یقینی کی صورتحال مزید خراب ہوئی تو معیشت متاثر ہوگی، ملک میں مہنگائی کی ذمہ دارحکومت ہے اور حکمران اپنی سمت درست کریں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ زین قریشی کی شکایت پر آر او نے تفتیش کی۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار سرکاری اہلکاروں کی موجودگی میں میٹنگ کر رہے تھے۔ اس وقت پوری قوم کی نظریں الیکشن کمیشن پر لگی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت اس وقت شدید دباؤ میں ہے اور ٹیکسٹائل شعبے کو بند کر دیا گیا ہے جس سے مہنگائی کا مزید طوفان پیدا ہوگا۔

سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج ریٹ آف انٹرسٹ 15 فیصد ہوگیا ہے، ٹیکسٹائل سیکٹر نے عید کے بعد انڈسٹری بند کرنے کا کہا ہے، ذرا سی چنگاری پورے ملک کو لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافی عمران ریاض کو تکلیف پہنچائی گئی، پی ٹی آئی نے احتجاج کیا، عمران ریاض ڈٹے رہے، انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کیلئے بات کررہا ہوں، حیرانی ہے میڈیا کا بڑا طبقہ خاموش تماشائی بنا رہا۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ میڈیا کوارشد شریف، سمیع ابراہیم اور عمران ریاض کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے تھا، سمیع ابراہیم کے خلاف بھی کارروائی ہورہی ہے جو قابل مذمت ہے۔

Comments

- Advertisement -