کراچی : عدالت نے دعا زہرا کی والدہ کی درخواست منظور کرتے ہوئے دعا زہرا کو یکم اگست کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت میں دعا زہرا کی بازیابی سےمتعلق والدہ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
درخواست نے کہا کہ دعا زہرا کے اغوا کا کیس اس عدالت میں چل رہا ہے، میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد کیس چائلڈ میرج ایکٹ کے زمرے میں آتا ہے۔
عدالت نے والدہ کی درخواست منظور کرتے ہوئے دعا زہرا کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا دعا زہرا کو اگلی سماعت یکم اگست کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
مزید پڑھیں : دعا زہرا بازیابی کیس: عدالت کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا
گذشتہ روز سندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرا کو شیلٹر ہوم کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ دعا زہرا کو کراچی منتقل کرنے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں۔
فیصلے میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ کیس کراچی کی ٹرائل کورٹ میں زیر التوا ہے، دعا زہرا کیس کا مرکزی کردار ہے اسکی کراچی میں موجودگی ضروری ہے۔
عدالت نے اپنی آبزرویشن میں کہا تھا کہ بظاہردعازہرا اپنے شوہرکے ساتھ بھی ناخوش ہےاور ساتھ رہنا نہیں چاہتی جبکہ دعازہرا والدین سے بھی خوفزدہ ہے اسلیے شیلٹرہوم میں رہنا مناسب ہے۔
سندھ ہائی کورٹ نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ دعازہرا کےاغوا سےمتعلق ٹرائل کورٹ ہی حتمی فیصلہ کرے گی۔