راولپنڈی: آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج اور ایف سی کے جوان سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں سول انتظامیہ کی مدد کررہے ہیں، آرمی ایوی ایشن کے 2 ہیلی کاپٹر کراچی سے لسبیلہ اور اوتھل میں امدادی کاموں کیلئے روانہ کردیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر خراب موسم کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں نہیں جا پارہے تھے، تاہم اب روانہ کردیے گئے ہیں، ہیلی کاپٹر سیلاب میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں گے۔ جی او سی نے گوادر میں ریلیف اور ریسکیو سرگرمیوں کی خود نگرانی کی، متاثرہ علاقوں میں ڈاکٹر اور پیرامیڈیکس متاثرین کو طبی امداد فراہم کررہے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ڈی جی خان میں سیلاب سےمتاثرہعلاقوں میں فوجی دستوں کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ متاثرہ افراد کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے 2 میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ کراچی میں سیلابی پانی کی نکاسی کے لیے جامشورو اور گھارو میں بھی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔