واشنگٹن: امریکا نے افغانستان میں ایک ڈرون حملے میں القاعدہ کے لیڈر ایمن الظواہری کو مار دیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق القاعدہ رہنما ایمن الظواہری ایک ڈرون حملے میں افغانستان میں ہلاک ہو گیا، اسامہ بن لادن کے بعد ایمن الظواہری نے القاعدہ کی قیادت سنبھالی تھی۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے کارروائی سے آگاہ کرتے ہوئے ایمن الظواہری کی ہلاکت کی تصدیق کر دی، اور کہا کہ ایمن الظواہری افغانستان میں کامیاب آپریشن کے دوران ڈرون حملے میں مارا گیا۔
جو بائیڈن نے کہا امریکی ڈرون حملے میں کسی عام شہری کی ہلاکت نہیں ہوئی، ہم نے القاعدہ کو مکمل طور پر ختم کر دیا۔
انھوں نے بتایا کہ ایمن الظواہری نائن الیون حملے کی منصوبہ بندی میں شامل تھا، رواں سال انٹیلیجنس ایجنسیوں نے ایمن الظواہری کی موجودگی کا پتا چلایا تھا۔
امریکی صدر نے کہا ایمن الظواہری کی ہلاکت سے امریکی شہریوں کو انصاف مل گیا ہے، ہم ہر قیمت پر امریکا کا دفاع کریں گے، جو لوگ ہمارے لیے خطرہ ہیں ان کا تعاقب کریں گے۔
ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی ڈرون حملے کی تصدیق کر دی ہے۔