کراچی: گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر میں دستی بم پھٹ گیا، واقعے میں پولیس کا جانی نقصان ہوا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر میں دستی بم پھٹنے سے دو پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد چار زخمی پولیس اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دوران علاج دو اہلکار جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت صابر اور شہزاد کے ناموں سے کی گئی۔
زخمیوں میں سب انسپکٹر سعید اور پولیس اہلکار گوہر شامل ہیں جو واقعے میں شدید زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
ترجمان ڈسٹرکٹ سٹی پولیس
دستی بم دھماکے پر ترجمان سندھ پولیس نے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس ہیڈ کوارٹرز میں تقریباً سوا گیارہ بجے معائنےکےدوران دستی بم دھماکا ہوا، دھماکے میں پولیس کانسٹیبل شہزاد اور صابرشہید ہوئے۔
ترجمان کے مطابق زخمیوں میں سب انسپکٹر سعید اور پولیس کانسٹیبل علی گوہر شامل ہیں، دھماکے کے فوری بعد شہدااور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کا مزید کہنا تھا کہ دھماکےسےمتعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔