برمنگھم: ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے گولڈ میڈل والد کے نام کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں آج کی جیت اور گولڈ میڈل اپنے والد کے نام کرتا ہوں۔
گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے ویٹ لفٹر نے کہا کہ ‘والد نے میرے گولڈ میڈل کے لیے 12 سال محنت کی ہے، اس لیے میں یہ میڈل ان کے نام کرتا ہوں۔’
نوح بٹ نے مزید کہا ‘جن لوگوں نے میرے لیے دعائیں کیں ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مجھے امید نہیں تھی کہ مجھے اتنے زیادہ پاکستانی سپورٹ کرنے آئیں گے۔
پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز میں پہلا گولڈ میڈل جیت لیا
واضح رہے کہ برطانیہ کے شہر برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے ویٹ لفٹنگ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ویٹ لفٹر محمد نوح دستگیر بٹ نے سونے کا تمغہ جیتا ہے، نوح دستگیر نے اسنیچ میں 173 کلو گرام وزن اٹھایا، جب کہ کلین اینڈ جرک میں 232 کلو گرام وزن اٹھایا۔
یہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل ہے، نوح نے مجموعی طور پر 405 کلو وزن اٹھا کر گولڈ میڈل جیتا۔
اس مقابلے میں بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، اور کنییڈا کے ویٹ لفٹرز کو شکست ہوئی، جب کہ نیوزی لینڈ نے سلور میڈل حاصل کیا، بھارت کے گردیپ سنگھ کی تیسری پوزیشن رہی۔
کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے میڈلز کی تعداد 2 ہو گئی ہے۔
اس سے قبل شاہ حسین شاہ نے 90 کلو گرام کیٹیگری کے جوڈو مقابلوں میں جنوبی افریقی حریف کو ہرا کر برانز میڈل حاصل کیا۔