ممبئی: بالی وڈ کے ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامر خان نے فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کا اسکرپٹ دیکھتے ہی مسترد کر دینے کی وجہ بتا دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کے اسکرپٹ رائٹر اتل کلکرنی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ عامر خان نے ’لال سنگھ چڈھا‘ کا اسکرپٹ دیکھنے کے کچھ ہی دیر بعد اسے مسترد کر دیا تاہم بعد میں وہ راضی ہوگئے تھے۔
عامر خان نے اتل کلکرنی کے اس بیان پر ردعمل میں کہا: ’فلم ’فاریسٹ گمپ‘ کے تصور نے مجھے یہ سوچنے پر مجبور کیا کہ یہ ’مغل اعظم‘ یا ’مدر انڈیا‘ کے ریمیک بنانے کے مترادف ہے‘۔
مزید پڑھیں: ’لال سنگھ چڈھا‘ کیخلاف بائیکاٹ مہم، عامر خان ذہنی دباؤ کا شکار
اداکار نے کہا کہ میں تھوڑا پریشان تھا کیوں کہ اتل کلکرنی نے اپنا پہلا اسکرپٹ لکھ کر مجھے دیا تھا، انہوں نے بڑی امید سے مجھے سننے کو کہا اور میں اگر نہیں سنتا تو انہیں بُرا لگتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’فاریسٹ گمپ‘ جیسی فلموں کو کسی اور فلم میں تبدیل کرنے کا تصویر بہت مشکل ہے، اس لیے دو سال تک اسکرپٹ نہیں سنا۔
اتل کلکرنی نے انٹرویو میں بتایا کہ فلم کا اسکرپٹ 15 دنوں میں تیار کیا لیکن عامر خان نے اسے سننے کے لیے دو سال لگا دیے۔