کراچی: پاک بحریہ نے بروقت کارروائی کرکے بھارتی ماہی گیروں کو ڈوبنے سے بچالیا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کھلے سمندر میں بھارتی کشتی جمنا ساغر کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں کشتی ڈوب گئی، پاک بحریہ نے کشتی الٹنے کی اطلاع ملنے پر بروقت امدادی کاروائی کرکے کشتی میں سوار 10 میں سے 9 افراد کو بچالیا ہے، جبکہ ایک ماہی گیر ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈوبنے والے بھارتی شہری کی لاش نکال لی گئی ہے جبکہ دیگر بچائے گئے ماہی گیروں کو دوسرے بحری جہاز پر منتقل کیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاک بحریہ کا سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن سمندر میں انسانی زندگی کے تحفظ کے عزم کا مظہر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کے کھلے سمندر میں ماہی گیروں کی کشتی ڈوب گئی ، 11 افراد سوار
خیال رہے کہ چند روز قبل کراچی کے کھلے سمندر میں بھی ماہی گیروں کی لانچ کو حادثہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں شکار پر جانے والے ماہی گیروں کی کشتی ڈوب گئی تھی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
ڈوبنے والی کشتی میں 11 افراد سوار تھے، حادثے کے بعد ماہی گیر اپنی جانیں بچاکر تیر کرسی ویو کے کنارے پر پہنچ گئے تھے۔