جمعرات, جنوری 2, 2025
اشتہار

چوروں نے آتے ساتھ ہی 11 سو ارب روپے کا ڈاکہ مارا، عمران خان

اشتہار

حیرت انگیز

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ملک پر مسلط چوروں نے آتے ساتھ ہی اسمبلی سے ترامیم کرکے عوام کے 1100 ارب روپے پر ڈاکہ مارا ہے۔

اسلام آباد میں یوتھ کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے چپیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں ایسا وقت بھی آتا ہے جو ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں، ہمیں 75 سالوں میں پہلی بار ایک موقع ملا ہے کہ ہم ملک کو حقیقی طور پر آزاد کرسکیں۔

سابق وزیراعطم نے کہا کہ تحریک پاکستان میں جو جدوجہد ہوئی اسکی وجہ سے ہم غلامی میں نہیں گئے، تحریک پاکستان کی وجہ سے سوائے چوروں کے ٹولے کے کوئی مسلط نہیں ہوا، اب وقت آگیا ہے کہ ملک کو حقیقی طور پر آزاد کیا جائے۔

- Advertisement -

عمران خان نے نوجوانوں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ستمبر میں آپ نے کالج اور یونیورسٹیز میں جاکر تبلیغ کرنی ہے، یہ ایسا وقت ہے جو قوموں کی زندگی میں بار بار نہیں آتا، یہ ملک کو خوددار اور غیرت مند قوم بنانے کا وقت ہے، آزادی کی جدوجہد سیاست نہیں بلکہ عبادت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کیساتھ نوجوانوں نے جدوجہد کی تو وہ سیاست نہیں عبادت تھی، آزادی کی تحریک کیلئے بھرپور طریقے سے کام کروں گا آپ سب نے مدد کرنی ہے، آزاد قوم کی بڑی پرواز ہوتی ہے غلام تو صرف اچھے غلام بنتے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہم نے پہلے آزاد ہونا ہے کہ پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہو، کوئی بیرون ملک سے چوروں کو ہم پر مسلط نہ کرے، ہم فیصلہ کرینگے روس سے سستا تیل ملتا ہے تو ہم روس سے تیل لیں گے، ہم امن میں ساتھ ہیں مگر جنگ میں کسی کے ساتھ نہیں، ہمیں امریکا کے غلام ان چوروں سے آزاد ہونا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم ملک میں انصاف، قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑرہے ہیں، بڑے ڈاکو چوری کرتے ہیں اور پھر بلیک میل کرکے این آر او لیتے ہیں، چوروں نے آتے ساتھ ہی 1100 ارب روپے پر ڈاکہ مارا، انھوں نے آتے ساتھ ہی اسمبلی سے ترامیم کرائیں، قوم کا چوری کیا گیا 1100 ارب روپے معاف کرائے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس میں شوکاز نوٹس ختم نہیں کیا جا سکتا، عدالت

انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک میں وہ قانون چاہتے ہیں جو طاقتور اور کمزور کیلئے ایک ہو، یہ نہیں ہونا چاہیے کمزور جیل میں اور طاقتور انصاف کے کٹہرے میں نہ کھڑا ہو، انصاف لوگوں کو آزاد کرتا ہے، آزادی کی تحریک میں قانون کی حکمرانی کیلئے جدوجہد کرنی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ 5 ستمبر کو ہماری ممبر شپ مہم ہے، آئی ایس ایف یونیورسٹیز، کالجز میں ممبر شپ مہم چلائے گی، آئی ایس ایف نے میری ٹیم بن کر نوجوانوں کو تیار کرنا ہے، جب میں کال دوں تو آپ نے حقیقی آزادی کی تحریک کیلئے نکلنا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ کل میرا سرگودھا میں جلسہ ہے، جس میں مزید باتیں کروں گا اور قوم کو حقیقی آزادی کیلئے تیار کروں گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں