دبئی: بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ رضوان اور نواز کی شراکت نے میچ چھین لیا۔
میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہمیشہ ہائی وولٹیج ہوتا ہے، اس طرح کے مقابلے کھلاڑیوں کو نکھارتے ہیں۔
روہت شرما نے کہا کہ ہم نے 180 رنز اچھا اسکور بنایا تھا، رضوان اور نواز کی شراکت نے میچ چھین لیا، پاکستان ٹیم میں ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں، جانتے تھے پاکستان کو روکنے کیلئے بہت اچھی بولنگ کرنی پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس شکست سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے، پاکستان نے ہم سے بہتر کھیل پیش کیا وہ داد کے مستحق ہیں۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ جیت کا سہرا پوری ٹیم کو جاتا ہے، بولرز نے شاندار کم بیک کرکے بھارت کو 180 تک روکا۔
خیال رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دی ہے، قومی ٹیم کی جیت میں محمد نواز اور محمد رضوان نے اہم کردار ادا کیا، محمد نواز نے 20 گیندوں پر 42 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ محمد رضوان نے 71 رنز اسکور کیے۔