کراچی : بفرزون میں علاقہ مکینوں نے ڈکیتی کی واردات ناکام بنادی، تینوں ملزمان موٹرسائیکل چھوڑ کر بدحواسی میں پیدل بھاگنے لگے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کی تواتر سے وارداتوں کے بعد شہری اپنی مدد آپ کے تحت جرائم پیشہ عناصرسے مقابلہ کرنے لگے۔
کراچی کے علاقے بفرزون میں علاقہ مکینوں نے ڈکیتی کی واردات ناکا م بنادی۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہری اپنے دفتر کیلئے جانے کیلئے گھر سے نکلا اور موٹر سائیکل پر بیٹھا کہ اسی دوران ایک موٹر سائیکل پر 3 ملزمان آدھمکے۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ دو ملزمان اترے اور نوجوان کی تلاشی لینا شروع کردی جبکہ گلی کی دوسری جانب سے اچانک گولی چلنے کی آواز آئی اور شہری اپنے ہاتھ میں ریپیٹر گن لیکر ملزمان کے پیچھے دوڑا۔
جس کے بعد تینوں ملزمان موٹرسائیکل چھوڑ کر بدحواسی میں پیدل بھاگنے لگے، دو ملزمان فرار ہوگئے جبکہ ایک ملزم علاقہ مکینوں کے ہتھے چڑھ گیا۔
علاقہ مکینوں نے ملزم کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا، پٹنے والا ملزم ایک مرتبہ پھر گلی سے بھاگنے لگا تاہم علاقہ مکینوں نے واقعے سے متعلق پولیس کو آگاہ کردیا۔