کراچی: شہر قائد میں اب بڑے ہتھیاروں کے ساتھ بھی ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتیں ہونے لگی ہیں، ایسی ہی ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیو کراچی، ایوب گوٹھ میں ڈاکوؤں نے کلاشنکوفوں کے ساتھ شہریوں کو لوٹ لیا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں مسلح افراد کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
فوٹیج کے مطابق رکشے اور موٹر سائیکل پر سوار مسلح ڈاکو ایوب گوٹھ میں ایک گھر کے باہر آ کر رکے، پھر رکشے سے تیزی سے چند افراد کلاشنکوفیں اٹھائے باہر نکل آئے، جنھیں دیکھ کر گھر کے باہر بیٹھے 2 افراد خوف زدہ ہو کر گھر کے اندر دوڑے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح ڈاکو بھی دونوں کے پیچھے گھر کے اندر داخل ہوئے، فوٹیج میں ڈاکو شہریوں سے موبائل فون بھی لیتے دکھائی دیتے ہیں۔
متاثرہ فیملی نے شکایت کی ہے کہ متعلقہ ایس ایچ او نے تاحال ملاقات کا وقت نہیں دیا، ایس ایچ او نے پیغام دیا کہ میں ابھی مصروف ہوں کل آنا۔
متاثرہ فیملی نے بتایا کہ خود کار ہتھیاروں سے لیس ڈاکوؤں نے گھر سے 20 ہزار روپے لوٹے، انھوں نے تشدد بھی کیا اور اسکے بعد موبائل فون بھی چھینے۔
مسلح ڈاکو جاتے جاتے گھر کے باہر کھڑی موٹر سائیکل بھی لے گئے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈاکوؤں کے چہرے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔