اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں فریقین سے ایف آئی اے کے دائرہ اختیار پر دلائل طلب کرلیے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کے نوٹسز چیلنج کرنے کے یکجا کیسز پر سماعت ہوئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزارکیجانب سے بیرسٹرگوہرعلی خان اورفیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل منوراقبال بھی عدالت میں پیش ہوئے، فیصل چوہدری نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کے ڈونر تفتیش میں شامل ہونے کیلئے تو ڈونیشن نہیں کرتے۔
جس پر جسٹس عامرفاروق نے سوال کیا آپ دونوں درخواست گزاروں کا کیس ایک ہی ہے کہ ایف آئی اے کا دائرہ اختیار بنتا ہے یا نہیں۔
عدالت نےآئندہ سماعت فریقین سے دائرہ اختیار پر دلائل طلب کر لیے اور کیس کی سماعت 20 ستمبرتک ملتوی کر دی۔
گزشتہ روز عدالت نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں محمدارشد و دیگر کے خلاف ایف آئی اے نوٹسزکے معاملے پر فریقین کو نوٹس جاری کیے تھے۔
یاد رہے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نوٹسز کے خلاف درخواست پی ٹی آئی رہنماؤں نے دائر کی تھی۔