لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا انتخاب سلیکشن کمیٹی کرتی ہے اور میں ان معاملات سے دور رہتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ بیان سوشل میڈیا پر شائقین کرکٹ کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں دیا، معاملہ کچھ یوں تھا کہ لائیو ویڈیو کالز کے درمیان یکے بعد دیگرے پانچ سے چھ افراد نے قومی ٹیم کے مڈل آرڈر سلیکشن پر تیز طرار سوالات کئے تھے۔
اس دوران متعدد شائقین کرکٹ نے براہ راست وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کو ٹیم میں شامل نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
شائقین کرکٹ کا شکوہ تھا کہ میگا ایونٹ کے لئے مڈل آرڈر میں کوئی بھی تجربہ کار بیٹر نہیں اور اسی لیے ٹیم میں شعیب ملک یا سرفراز احمد کو جگہ دینی چاہیے تھی۔
یہ بھی پڑھیں: رمیز راجہ نے سرفراز کی جگہ حارث کو شامل کرنے کی وجہ بتادی
جواب میں رمیز راجا کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب سلیکشن کمیٹی کرتی ہے اور میں ان معاملات سے دور رہتا ہوں، میرے خیال سے اب وقت ہے کہ نئے ٹیلنٹ کو آزمایا جائے اور انہیں مواقع فراہم کیے جائیں۔
لائیو سیشن میں رمیز راجا نے کہنا تھا کہ "سرفراز احمد کو پاکستان کے لیے خدمات کی وجہ سے ڈراپ کرنا مشکل ہے لیکن ہم مستقبل کے لیے منصوبہ بندی کر رہے ہیں، حارث کو سرفراز کی جگہ ٹیم میں مستقبل کے منصوبوں کو مدنظر رکھتے ہوئے منتخب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کہ 14 ستمبر کو قومی اسکواڈ کے اعلان سے قبل سابق کپتان سرفراز کو دوبارہ ٹیم میں شامل کرنے کے حوالے سے مختلف افواہیں گردش کر رہی تھیں۔
حتمی اسکواڈ میں تاہم 35 سالہ وکٹ کیپر کو شامل نہیں کیا گیا کیونکہ حارث کو ٹیم کے مستقل وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کے متبادل کے طور پر ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا تھا۔