اسلام آباد :مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو جمہوری جماعت نہیں سمجھتی، پنجاب میں ناجائزحکومت ہے اس کوایک دن ختم ہونا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سچ چاہے دیر سے لیکن سامنے ضرور آتا ہے، اللہ تعالیٰ سچ ایک نہ ایک دن ضرور سامنے لاتا ہے اور جھوٹ ایک نہ ایک دن ضرور بے نقاب ہوتا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان دنیا کے سامنے دھمکی دی ثابت کرنے کی ضرورت نہیں، عمران خان کا طریقہ یہ ہے ڈرا دھمکا کر اپنا راستی صاف کرتا ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ اس طرح کی سیاست قوم اور ملک کے لیے اچھی نہیں ہے، چکوال جلسے میں کچھ باتیں واضح تھیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ عمران خان پر جو بھی دفعہ لگائی جائے، ان پر جرم ثابت ہوتا ہے، پوری دنیا دیکھ چکی ہے، عمران خان کی سیاست کو قوم کے سامنے بے نقاب کرنا ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ثبوت ہے تو سامنے لاؤ یہ اے بی سی کیوں شروع کردیتے ہو، پنجاب کی ناجائز حکومت ہے جلد ختم ہوجائے تو بہتر ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران خان پارٹی سے وہ ہی بات کریں جو وہ خود کرسکتے ہیں، آپ نے کبھی پارٹی کو بتایا کہ آپ کس کس سے ملتے ہیں؟ کس کس سے خفیہ ملاقاتیں کرتے ہیں؟
پی ٹی آئی کے حوالے سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ ہم نے بھی کی، باقی جماعتوں نے بھی کی ، میں جمہوریت کی حامی ہوں ،جمہوری رائےکی قدر کرتی ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ میں نہ عمران خان کو جمہوری جماعت سمجھتی ہوں، نہ جمہوری لیڈر ، یہ جتھے لیکر دھمکیاں دیتے ہیں کہ املاک جلا دیں گے، عمران خان کا انقلاب رانا ثنااللہ کے ڈر سے نکلا ہی نہیں ہے۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان کی اپنی چوری اور ہیروں کا ہار پکڑا گیا تھا، وہ صرف اپنی چوری چھپانا چاہتے ہیں یہ صرف ڈرامہ ہے، عمران خان کے ڈرامے اب پوری قوم جان چکی ہے۔
راناشمیم سے متعلق سوال کے جواب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ صرف ایک راناشمیم کی گواہی نہیں ،گواہیوں کےانبار لگے ہیں، آپ کس کس کی گواہی کو جھٹلائیں گے، سب کچھ آن ریکارڈ ہے، شوکت عزیز صدیقی نے بھی جو انکشافات کیے وہ دنیا کے سامنے ہیں۔
نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے نائب صدر ن لیگ نے بتایا کہ نوازشریف واپس آئیں گے، نواز شریف کے کیس میں بھی دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا اور کیسز کا جھوٹ بے نقاب ہوگا۔
مہنگائی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی وجہ شہبازشریف نہیں ہیں، مہنگائی کی وجہ آئی ایم ایف سے معاہدہ اورچارسال کی نااہلی ہے، مہنگائی کا ذمہ دار اورمجرم عمران خان ہے۔