تازہ ترین

ٹی 20 ایشیا کپ جیتنے کا عزم لیے پاکستان ویمن ٹیم بنگلہ دیش روانہ

ٹی 20 ایشیا کپ جیتنے کا عزم لیے پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم براستہ دبئی بنگلہ دیش کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔ جہاں وہ ایشیا کپ میں حصہ لے گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان ویمن ٹیم بسمہ معروف کی قیادت میں اے سی سی ویمن ٹی ٹونٹی ایشیا کپ میں حصہ لے گی جو یکم اکتوبر سے سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔

روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا کہ ایونٹ کے لئے بھرپور تیاری کی ہے، ایشیا کپ میں ویمن ٹیم اچھے نتائج دے گی اور اس سے اگلے برس ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے اچھی تیاری کا موقع بھی ملے گا۔

واضح رہے کہ ویمن ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پاکستان سمیت 8 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جن میں بھارت، سری لنکا، میزبان بنگلہ دیش، یو اے ای، تھائی لینڈ اور ملائیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ کا آغاز یکم اکتوبر کو میزبان بنگلہ دیش اور تھائی لینڈ کے مابین میچ سے ہوگا۔

پاکستان اپنا پہلا میچ ملائیشیا سے 2 اکتوبر کو کھیلے گا، 3 اکتوبر کو پاکستان کے مدمقابل بنگلہ دیش کی ٹیم ہوگی، 6 اکتوبر کو قومی ٹیم تھائی لینڈ سے ٹکرائے گی، ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین 7 اکتوبر کو ہوگا۔ 9 اکتوبر کو پاکستان اور یو اے ای کا مقابلہ ہوگا، پاکستان اپنا آخری راؤنڈ میچ 11 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔

ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنل 13 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے اور ان میچوں کی فاتح ٹیمیں 15 اکتوبر کو ٹرافی کے حصول کے لیے فائنل میچ میں میدان میں اتریں گی۔

Comments

- Advertisement -