لاہور: انگلینڈ نے ساتویں اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو67 رنز سے شکست دیتے ہوئے سیریز اپنے نام کرلی۔
تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے ساتویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں قومی ٹیم انگلش ٹیم کی جانب سے دئیے گئے 210 رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 142 رنز بناسکی۔
انگش بولرز کی نپی تلی بولنگ نے پاکستانی ٹیم کو میچ کے آغاز سے ہی دباؤ میں رکھا، پہلے اوورز میں کپتان بابراعظم صرف 4 رنز بناکر آسان کیچ دے بیٹھے، محمد رضوان کو صرف 1 رنز ریسی ٹوپلے نے میدان بدر کیا۔
پاکستان کا مڈل آرڈر بھی 210 رنز ہدف کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوا، افتخار احمد 19، خوشدل شاہ 27، آصف علی 7 رنز بناسکے، شان مسعود نے نصف سینچری بناتے ہوئے 56 رنز اسکور کئے جو کہ ٹیم کی جیت کے لئے ناکافی تھے۔انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 3 کھلاڑی آؤٹ کئے، ڈیوڈ ویلے نے 2 جبکہ ریسی ٹوپلے، عادل رشید اور سیم کرن نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا، اسی فتح کے ساتھ انگلش ٹیم نے سات میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز 3-4 سے اپنے نام کرلی۔
اس سے قبل مہمان ٹیم نے اوپنر ڈیوڈ میلان کے 47 گیندوں پر 78 رنز کی بدولت پاکستان کو 210 رنز کا ہدف دیا تھا، انگلینڈ کے بیٹر نے پاکستانی بولرز کی خوب خاطر تواضع کی،ملان اوربروک کےدرمیان سنچری شراکت بنی، ہیری بروک نے46،بین ڈکٹ نے30رنزبنائے۔پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نےایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، انگلینڈ کے دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے, سیریز کے فیصلہ کن میچ کے دوران پاکستان فیلڈر نے انتہائی غیر ذمے داری کا مظاہرہ کیا اور انگلش بیٹرز کے 3 کیچز چھوڑے۔
میچ کے آغاز پر کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ سیریز جیتیں، پہلے فیلڈنگ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ وکٹ پچھلے میچ جیسی ہی لگ رہی ہے اس لئے یہ فیصلہ کیا۔
https://twitter.com/TheRealPCB/status/1576574490791710720?s=20&t=9S4_jp7_OWvukf_BgPBo9w
بابراعظم نے بتایا کہ فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ کے لئے ٹیم میں چار تبدیلیاں کیں ہیں، محمد رضوان، خوشدل شاہ،حارث رؤف اورمحمد حسنین کی واپسی ہوئی ہے جبکہ محمد حارث، شاہنواز ڈاہانی، عامر جمال اور حیدر علی کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بیٹنگ کوچ محمد یوسف مڈل آرڈر سے مطمئن کیوں؟
ٹاس کے بعد انگلش کپتان معین علی نے کہا کہ بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کرینگے، انہوں نے بھی کہا کہ پچ گذشتہ میچ کی طرح ہی لگ رہی ہے۔
معین علی نے بتایا کہ اہم ترین میچ کے لئے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، رچرڈ گلیسن کی جگہ کرک ووکس کو شامل کیا گیا تھا۔