کراچی : پاکستان میں سونے کی قیمت میں کمی بیشی کا سلسلہ تاحال جاری ہے، کاروباری ہفتے کے دوسرے روز سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 750روپے اور 643روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 4ڈالر کی کمی سے 1653 ڈالر کی سطح پر آنے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا۔
آل پاکستان جیولرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں فی تولہ سونا تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت1لاکھ 49 ہزار 50 روپے ہوگئی ہے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 1 لاکھ 27 ہزار 786 روپے ہوگئی ہے۔
منگل کے روز کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 750 روپے کے اضافے کے بعد 149050 روپے جبکہ فی دس گرام سونے کی قیمت 643 روپے کے اضافے کے بعد 127786 روپے ہوگئی۔
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 30روپے بڑھ کر 1590روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 25.72روپے بڑھ کر 1363.16 روپے کی سطح پر آگئی۔