جمعرات, جنوری 23, 2025
اشتہار

توشہ خانہ ریفرنس ، عمران خان نااہل قرار

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی۔

الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دے دیا، عمران خان کو آرٹیکل 63ون کے تحت نااہل قرار دیا گیا۔

- Advertisement -

الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس درست قرار دیتے ہوئے فیصلہ میں کہا کہ عمران خان کرپٹ پریکٹس کے مرتکب ہوئے،عمران خان کی قومی اسمبلی کی نشست خالی قراردی جاتی ہے۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کیخلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا بھی حکم دیا اور کہا کہ عمران خان نے غلط گوشوارے جمع کرائے جبکہ بعض تحائف اثاثوں میں ظاہر نہیں کئے گئے۔

اس موقع پر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی جبکہ پنجاب رینجرز، ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری کو کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔

یاد رہے اگست 2022 میں اسپیکر قومی اسمبلی نے عمران خان کی نااہلی کیلئے توشہ خانہ ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا ، الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے ریفرنس میں عمران خان پر اپنے اثاثوں میں توشہ خانہ سے خریدے گئے تحائف اور ان کی فروخت سے حاصل رقم کی تفصیل چھپانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

عمران خان نے لگائے گئے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریفرنس الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں ہے اور نہ وہاں قابل سماعت ہے ، یہ ریفرنس سیاسی مقاصد کے لیے بنایا گیا ہے۔

عمران خان نے الیکشن کمیشن کو جمع کرائے گئے اپنے جواب میں موقف اپنایا تھا کہ ریفرنس الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں ہے اور نہ وہاں قابل سماعت ہے ، چیئرمین پی ٹی آئی نے ۔ریفرنس کو اختیارات کا ناجائز استعمال اور آئینی اختیارات کی توہین قراردیا۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے انیس ستمبر کو توشہ خانہ ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں