پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت نے صوبہ خیبر پختونخوا کی گورنر شپ جمعیت علمائے اسلام کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کو اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ڈی ایم کی اتحادی جماعتوں میں کے پی کی گورنر شپ کے معاملے پر اتفاق ہوگیا ہے اور حکومت نے اسے جمعیت علمائے اسلام کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کے پی کی گورنر شپ کی خواہشمند عوام نیشنل پارٹی اپنے مطالبے سے دستبرداری پر رضامند ہوگئی ہے، پی ڈی ایم کے صدر اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اس حوالے سے اہم کردار ادا کیا اور گورنر شپ جے یو آئی کو دینے کے آصف زرداری اور اسفند یار ولی کو راضی کیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کو کے پی کی گورنر شپ کے معاہدے سے دستبرداری کے بدلے میں مرکز میں اہم عہدہ دیا جائے گا اور اے این پی اسی عہدے کی یقین دہانی پر اپنے اہم مطالبے سے دستبردار ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم میں اتفاق رائے کے بعد اب کے پی میں جے یو آئی (ف) کے حاجی غلام علی گورنر بننے کے مضبوط امیدوار ہیں جو کہ مولانا فضل الرحمٰن کے قریبی عزیز بتائے جاتے ہیں۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کے پی کی گورنر شپ اے این پی جب کہ مسلم لیگ ن جے یو آئی کو دینے کی حامی تھی تاہم جے یو آئی کے اصرار پر پی پی پی نے جے یو آئی سے خیبرپختونخوا کی گورنر شپ کے بدلے مرکز میں قربانی دینے کا مطالبہ کیا تھا اور اسے وفاقی وزارت چھوڑنے کا کہا گیا تھا۔
واضح رہے کہ عمران حکومت کے خاتمے پر کے پی گورنر کے مستعفی ہونے کے بعد اپریل سے یہ عہدہ خالی تھا، پی ٹی آئی کے شاہ فرمان نے تحریک عدم اعتماد کامیابی کے نتیجے میں عمران حکومت ختم ہونے کے بعد 11 اپریل کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔