لاہور : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر تاحال درج نہ ہوسکی۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی وزیرآباد نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملے پر اندراج مقدمہ کی درخواست با ضابطہ وصول کرنے سے انکار کردیا۔
پی ٹی آئی کی اندراج مقدمہ کی درخواست تھانہ سٹی وزیرآباد نے واپس کردی اور ایس ایچ او عامر شہزاد نے درخواست کو ای ٹیگ لگانے سے معذرت کرلی۔
پی ٹی آئی کے کارکنوں نے تھانے کے باہر احتجاج بھی کیا، پی ٹی آئی رہنما زبیرخان نیازی کا کہنا ہے کہ آج دوبارہ تھانہ سٹی جائیں گے۔
یاد رہے عمران خان پر قاتلانہ حملے کے مقدمے کی درخواست لے کر زبیرنیازی، عرفان اور وکلا شام 7بجے تھانہ سٹی پہنچے تھے۔
زبیرخان نیازی کا کہنا تھا کہ ای ٹیگ ہمارا بنیادی حق ہے، جو ایس ایچ او نہیں دے رہا، ڈی پی او کو درخواست ایس ایچ او کے ذریعے موصول ہوچکی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارے لیڈر پر حملہ ہوا انصاف ہمارا حق ہے۔