اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

سیدو شریف ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن ایک سال سے معطل، کروڑوں‌ کا مالی نقصان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث گزشتہ ایک سال سے سیدو شریف ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہے۔

تفصیلات کے مطابق سوات کے سیدو شریف ایئر پورٹ پر ایک سال سے فلائٹ آپریشن معطل ہونے کی وجہ سے سی اے اے کو کروڑوں روپے کا مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے سوات کے لیے فلائٹ آپریشن جاری رکھنے کے لیے غیر سنجیدگی اور عدم دل چسپی کا مظاہرہ کیا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کی سیاحت کے فروغ کی پالیسی کے تحت سوات ایئر پورٹ کو 17 سال بعد 2021 میں فضائی آپریشن بحال کیا گیا تھا۔

- Advertisement -

پہلی پرواز 26 مارچ 2021 کو سیاحوں کو لے کر سیدو شریف پہنچی تھی، تاہم پی آئی اے نے اسلام آباد سے سیدوشریف کے لیے پروازیں کچھ عرصے جاری رکھنے کے بعد فلائٹ آپریشن بند کر دیا۔

پی آئی اے کے سی ای او کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن نے سیدو شریف کا آپریشن مسافروں کی مطلوبہ تعداد نہ ہونے کی وجہ سے بند کیا ہے، نقصان ہونے کی وجہ سے آپریشن مزید چلانا پی آئی اے کے لیے نا ممکن ہوگیا تھا، جس پر گزشتہ سال فلائٹ آپریشن بند کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق سی اے اے نے پی آئی اے سمیت دیگر نجی ایئر لائنوں کو سوات ایئرپورٹ کے لیے فلائٹ آپریشن جاری رکھنے کے لیے کوئی احکامات بھی نہیں دیے۔

واضح رہے کہ سی اے اے کے قوانین کے مطابق قومی ایئر لائن سمیت نجی ایئر لائنوں کو بھی شمالی علاقہ جات کے لیے فلائٹ آپریشن جاری رکھنا لازمی ہے۔

Comments

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں