اشتہار

کراچی: کچرا کنڈی سے کمسن بچی کی تشدد زدہ لاش برآمد

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی کے علاقے لانڈھی میں کچرا کنڈی سے 7 سالہ بچی کمسن بچی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق شہر قائد کے علاقے لانڈھی مسلم آباد سے 7 سالہ بچی کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت منیبہ عمر کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس مقدمہ درج کرنے کے بجائے ٹال مٹول کرتی رہی، والد

- Advertisement -

بچی کے والد مقبول کا کہنا ہے کہ منیبہ بدھ کی دوپہر بھائی کے گھر سے لاپتا ہوئی وہ گھر سے بنا چپل پہنے نکلی تھی، دو روز تک پولیس ایف آئی آر درج کرنے کے بجائے ٹال مٹول کرتی رہی۔

والد نے بتایا کہ بدھ کی شب تک لاش نہ ملنے پر یقین ہوگیا تھا کہ منیبہ کو اغوا کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے نام نمبر لے کر تھانے سے روانہ کردیا اور کہا کہ اگر بچی مل جائے گی تو آگاہ کردیں گے، جمعرات کی شب بھی تھانے گیا تو روزنامچے پر کوئی افسر موجود نہ تھا جب جمعے کی صبح گیا تو پولیس نے ٹال دیا۔

بچی کے والد کے مطابق بچی کی لاش کو ہم نے خود تلاش کیا، بھائی نے فون کرکے آگاہ کیا کہ علاقے سے ہی منیبہ کی لاش ملی۔

ورثا نے قائد آباد لانڈھی اسپتال چورنگی پر احتجاج کیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی سے زیادتی کی تصدیق

ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی سے زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے، بچی کے جسم پر جگہ جگہ تشدد کے نشانات موجود تھے۔

 ایس ایس پی ملیر اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ اور اطراف کی جیو فینسنگ کی جارہی ہے، مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کا ڈی این اے کروایا جائے گا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچی کے لواحقین کا بیان قلمبند کرلیا گیا ہے، اغوا اور قتل سے متعلق اہم شواہد ملے ہیں، ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

 

احتجاج ختم، پولیس کے مظاہرین سے مذاکرات کامیاب

بعدازاں مظاہرین نے پولیس سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد احتجاج ختم کردیا جبکہ کوتاہی برتنے پر دو افسران کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

افضل خان
افضل خان
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں