راولپنڈی: سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آئندہ پانچ روز ملکی سیاست کے لئے فیصلہ کن ہیں، بعد ازاں ملک الیکشن کی طرف جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کو کسی کی بھی تعیناتی پر اعتراض نہیں جبکہ نواز شریف کیئرٹیکرکا دورانیہ بڑھوانااور من پسند تعیناتی چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک ٹکٹ میں دو مزے نہیں مل سکتے، مانگے تانگے کی حکومت کا یہی نتیجہ ہوتا ہے، حالیہ معاملات میں پی ڈی ایم کا سیاسی جنازہ نکل چکا، پریس کانفرنس میں سیاسی چیخیں بلاول کی واضح ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید کو دھمکی آمیز کال، پولیس کا اہم اقدام
سابق وزیر داخلہ نے آئندہ پانچ روز ملکی سیاست کے لئے فیصلہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک الیکشن کی طرف جائے گا۔ پی ٹی آئی کے حقیقی آزادی مارچ سے متعلق انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو عمران خان کا تاریخی استقبال کرینگے۔
اس سے قبل سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو ’’باخبر سویرا‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت پر بہت گند پڑ چکا ہے اور کوئی یہ گند اٹھانے کو تیار نہیں ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کی گئی۔ ارشد شریف کو شہید کیا گیا۔ اس قتل میں نواز شریف ملوث ہے یا نہیں، یہ فیصلہ تحقیقاتی ٹیم کرے گی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جو بھی تعیناتی ہو ہمارے لیے قابل احترام ہے لیکن موجودہ حکومت نے ایک تعیناتی کو سب سے بھاری کر دیا ہے۔ ملکی معیشت تباہی کی طرف جا رہی ہے۔