امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری اور شہباز شریف نے پی ٹی آئی حکومت گرانے میں ساتھ مانگا، ان کا ساتھ دیا اور نہ پی ٹی آئی کا، کیوں کہ یہ سب کرپٹ ہیں۔
تاندلیانوالہ میں جلسے سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ عمران خان اور شہباز شریف نے اپنی حکومتوں میں لنگر خانے اور مسافر خانے بنائے، انہیں ایک اور موقع مل گیا تو پاگل خانے بنائیں گے کیوں کہ پوری قوم پاگل ہو جائے گی۔
سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی لڑائی صرف اپنے مفاد کے لیے ہے، یہ ایک ہی طرح کے لوگ ہیں اور سب نے قوم کو دھوکا دیا، عمران خان کی 10 سال سے خیبر پختونخوا میں اور پیپلز پارٹی کی سندھ میں حکومت ہے، یہ لوگ ناکام ہوگئے اور 22 کروڑ عوام کو تباہ کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: بیٹھ کر مسئلہ حل نہ کیا تو مارشل لا لگ جائے گا، سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ پاکستان کے ہر بچے پر قرض ہے، ملک میں ہر سال اربوں روپے کی کرپشن ہوتی ہے، زرعی ملک ہونے کے باوجود کسان بدحال ہے، وزیر خزانہ سب سے بڑا سود خور ہے، اس سے پہلے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کے وزیر خزانہ سود خور تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب لوگ عوام کو اڈیالہ جیل میں نظر آئیں گے۔