میران شاہ : شمالی وزیرستان میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں فوجی جوان سمیت دو افراد شہید ہو گئے جبکہ 9 شہری زخمی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں خودکش دھماکہ ہوا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں حوالدارمحمد امیر اور ایک بے گناہ شہری شہید ہوا، 30 سالہ شہید حوالدار کا تعلق میانوالی سے ہے.
ترجمان کا کہنا تھا کہ واقعے میں 9 بے گناہ شہری بھی زخمی ہوگئے، جنہیں علاج کیلئے ہسپتال داخل کرادیا گیا ہے۔
یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں دہشت گرد کمانڈر محمد نور مارا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گرد سے گولیاں اور ہتھیار برآمد کر لیے گئے، محمد نور سکیورٹی فورسز پر حملوں اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں مطلوب تھا۔
فوج کے ترجمان ادارے کا کہنا تھا کہ مقامی عمائدین نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فوج سے مکمل تعاون کا عزم کیا۔