نیویارک : سانحہ اے پی ایس میں زخمی ہونیوالے طالبعلم احمد آج اقوام متحدہ میں خطاب کریں گے ، والد کا کہنا ہے کہ میرے شہید اور غازی بیٹے میرا فخر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آرمی پبلک اسکول میں دہشت گردوں کی جانب سے ڈھائی گئی قیامت کو آٹھ سال ہو گئے، قوم کے دلوں پر لگے زخم آج بھی تازہ ہیں۔
سانحہ کے شہدا کی یاد میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا اور قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔
سانحہ اےپی ایس میں زخمی ہونیوالے طالبعلم احمد آج اقوام متحدہ میں خطاب کریں گے ، اس موقع پر والد احمد نواز نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جانی اورمالی قربانیاں بےمثال ہیں۔
I’m delighted to share that I’ll be speaking at @UN on 16th Dec at a conference organised by @PakistanUN_NY & @UN_OCT.
On the 8 yr anniversary of the APS incident, I shall highlight the sacrifices made by the nation & reflect on how we can counter & prevent terrorism in future… pic.twitter.com/0CcwMnBJ15
— Ahmad Nawaz (@Ahmadnawazaps) December 15, 2022
والد کا کہنا تھا کہ آج دل پھٹ رہا ہے ،میرا بیٹا حارث وطن عزیز کے لیےقربان ہوا، میرے شہید اور غازی بیٹے میرا فخر ہیں۔
واضح رہے 8 سال قبل 16 دسمبر 2014 کو پشاور آرمی پبلک اسکول میں خون کی ہولی کھیلی گئی تھی، دہشت گردوں نےعلم کے پروانوں کے بے گناہ لہو سے وحشت و بربریت کی نئی تاریخ رقم کی تھی اور دردناک سانحے اور دہشت گردی کے سفاک حملے میں 147 افراد شہید ہوگئے تھے، جس میں 132 بچے بھی شامل تھے۔
سانحہ اے پی ایس پشاور میں زخمی ہونے والے طالب علم احمد نواز کو حکومت نے سرکاری خرچ پر 2015 میں علاج کے لیے برطانیہ بھیجا تھا جہاں اُن کا علاج کوئین الزبتھ اسپتال میں ہوا، برطانوی ڈاکٹرز نے احمد نواز کا علاج کیا جس کے بعد وہ صحت مند زندگی کی طرف لوٹے اور پھر لندن میں ہی تعلیم کا آغاز کیا۔