گڑھی خدا بخش: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بے نظیر بھٹو کا گناہ یہ تھا کہ وہ محب وطن پاکستانی اور مسلم دنیا کا فخر تھی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم دنیا کی پہلی وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کی 15 ویں برسی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ آج بی بی شہادت کو 15 سال بیت چکے، مگر عوام کے سمندر میں کوئی کمی نہیں آئی، لوگوں کا والہانہ اظہار عقیدت ثابت کررہا ہے کہ شہید بی بی آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں ۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بے نظیر کا قصور اور گناہ کیا تھا کہ انہیں شہید کردیا گیا، میں آپ کو بتاتا ہوں کہ ان کا گناہ یہ تھا کہ وہ محب وطن پاکستانی تھیں، یہی نہیں نہ صرف پاکستان بلکہ وہ عالمی دنیا کی لیڈر تھی، بینظیر بھٹو مظلوموں کی آواز اور جمہویت کی علمبردارتھیں، بی بی بھٹو انتہاپسندوں اور دہشتگردی کیلئے منہ توڑ جواب تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: مشرف کی طرح سلیکٹڈ مکھی کو بھی دودھ سے نکال پھینکا، بلاول بھٹو زرداری
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری دلیر قائد بینظیر بھٹو موت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جدوجہد کرتی رہیں، شہید بینظیر چین جاتی تھی تو عزت دی جاتی تھی، مسلم دنیا میں جاتی تھیں تو مسلم امہ شہید بی بی کو بیٹی سمجھ کر عزت دیتے تھے،برطانیہ جاتی تھیں تو دنیا کہتی تھی بی بی شہید تمام خواتین کی لیڈر ہیں، شہید بینظیر کی ایک جھلک اور ہاتھ ملانے کیلئے ہیلری کلنٹن قطار میں کھڑے ہوکر انتظار کرتی تھی۔
بینظیر جب بیرون ملک دوروں پر جاتی تھیں تو پورے پاکستان کےعوام تقریر سنتی تھی، پوری دنیا میں جس کی وجہ سے ملک کی عزت ہوتی تھی اس بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا۔