نیوزی لینڈ کے خلاف کل سے شروع ہونے والی 3 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز میں پاکستان کے پاس ون ڈے کی نمبر ون ٹیم بننے کا سنہری موقع ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا کل سے آغاز ہو رہا ہے۔ یہ تینوں میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ اگر قومی ٹیم کیویز کو سیریز میں وائٹ واش کر لیتی ہے تو وہ ون ڈے کی عالمی نمبر ایک ٹیم بن جائے گی۔
ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ون ڈے رینکنگ میں نیوزی لینڈ 116 پوائنٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جب کہ میزبان ٹیم 9 پوائنٹ کے فرق سے 107 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
اگر پاکستان تین میچوں پر مشتمل سیریز میں مہمان ٹیم کو وائٹ واش کرتی ہے تو وہ 114 پوائنٹس کے ساتھ آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آسکتی ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ون ڈے میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 10، 12 اور 14 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔
ون ڈے سے قبل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ٹیسٹ سیریز بھی کھیلی گئی تاہم دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں کوئی ٹیم فتح کا جھنڈا نہ گاڑھ سکی اور دونوں میچ ڈرا ہوگئے تھے۔
نیوزی لینڈ اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں آئندہ سال اپریل مئی میں پاکستان کا دورہ کرے گی اور 5 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی 20 میچز کھیلے گی۔ تمام میچز کراچی میں ہوں گے۔