اسلام آباد : سیشن عدالت نے فواد چوہدری کوساڑھے بارہ بجے تک پیش کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے پولیس کی اپیل پر فواد چوہدری کو طلب کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں فواد چوہدری کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت ہوئی۔
فوادچودھری کے وکلاء بابراعوان اور علی بخاری ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدرگیلانی کی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ کمرہ عدالت میں پی ٹی آئی رہنما بھی موجود تھے۔
ایڈیشنل سیشن جج کا کہنا تھا فائل اور ریکارڈ ہی نہیں ہے تو سماعت کیا کروں، تفتیشی افسر نے بتایا ہے کہ جوڈیشل ریمانڈ کے فیصلے کیخلاف انہوں نے درخواست دائر کردی ہے، جس پر وکیل بابر اعوان نے کہا کہ تفتیشی افسر کو یہاں آکر بتانا چاہیے تھا ہمیں کوئی نوٹس نہیں ملا۔
عدالت نے بابر اعوان سے مکالمے میں کہا کہ عدالت کے زریعے آپ کو پتہ چل گیا ہے آپ چلیں جائیں تو وکیل کا کہنا تھا کہ ہمیں کوئی نوٹس نہیں ملا ،چلیں پھر انتظارکر لیتےہیں۔
عدالت نے پولیس کے ریکارڈ آنے تک سماعت میں وقفہ کردیا، جس کے بعد بابر اعوان سیشن جج کی عدالت میں پہنچ گئے۔
فواد چوہدری کے وکیل نے موقف اپنایا حیران کن بات ہےتفتیشی افسر عدالتی حکم کے باوجود پیش نہیں ہورہا، ہم نے فواد چوہدری کی ضمانت کیلئے رجوع کر رکھا ہے، ایڈیشنل سیشن جج کو حکم دیں ہماری درخواست سن لیں ، دس بجے تفتیشی افسر کو بلایا گیا مگر وی پیش نہیں ہوئے۔
سیشن کورٹ نے فواد چوہدری کو ساڑھے 12 بجے تک پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سپرٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو آگاہ کردیا۔
سیشن کورٹ سےاڈیالہ جیل فیکس کے ذریعے نوٹس بھیجوایا گیا اور پولیس کی اپیل پر فواد چوہدری کو طلب کر لیا۔