جمعرات, جنوری 2, 2025
اشتہار

ایک ہی درخت سے سیکڑوں قسم کے آم، بھارتی بزرگ نے سب کو حیران کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

لکھنؤ: ایک ہی درخت سے سیکڑوں قسم کے آم کی پیداوار حاصل کر کے بھارتی بزرگ نے سب کو حیران کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر لکھنؤ میں ایک شہری 82 سال کے کلیم اللہ خان نے آم کے ایک ہی درخت سے 300 اقسام کے آم کی پیداوار حاصل کر لی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت دنیا کا سب سے بڑا آم پیدا کرنے والا ملک ہے، جو دنیا کی نصف سے زیادہ پیداوار فراہم کرتا ہے، ریاست اتر پردیش میں کاشت کار کلیم اللہ خان نے کئی دہائیوں سے آم کے درخت کی پرورش کی، تاکہ پھل کی سیکڑوں اقسام پیدا کی جا سکیں۔

- Advertisement -

کلیم اللہ کے 9 میٹر (30 فٹ) لمبے درخت کی عمر 120 سال ہے، وہ اس درخت کو دیکھنے کے لیے روزانہ ایک میل کا فاصلہ طے کرتے ہیں، جس سے وہ گزشتہ برسوں میں آم کی تین سو سے زائد اقسام پیدا کر چکے ہیں۔

کلیم اللہ نے لکھنؤ کے چھوٹے سے قصبے ملیح آباد میں موجود اپنے باغ میں کہا ’’یہ کئی دہائیوں تک چلچلاتی دھوپ میں سخت محنت کرنے کا میرا انعام ہے، آنکھوں کے لیے یہ صرف ایک درخت ہے، لیکن اگر آپ اپنے دماغ سے دیکھیں تو یہ ایک درخت، ایک باغ اور دنیا کا سب سے بڑا آم کا کالج ہے۔‘‘

اے ایف پی نے رپورٹ کیا کہ کلیم اللہ نے نو عمری میں اسکول چھوڑ دیا تھا اور اسی عمر میں انھوں نے آم کی نئی اقسام بنانے کے لیے پودوں کے حصوں کو پیوند کرنے کا پہلا تجربہ کیا، اُس وقت انھوں نے 7 نئے قسم کے پھل پیدا کرنے کے لیے ایک درخت کی پرورش کی، لیکن وہ طوفان میں ضائع ہو گیا۔

لیکن پھر 1987 سے انھوں نے آم کے ایک درخت کی پرورش شروع کر دی، جو اب ان کا فخر اور خوشی بن چکا ہے، اور اس سے انھوں نے ہر قسم کے ذائقے، ساخت، رنگ اور سائز کا آم حاصل کیا۔

دل چسپ بات یہ ہے کہ کلیم اللہ نے جب یہ کام شروع کیا تو ابتدا میں انھوں نے آموں کے نام بالی ووڈ اداکاراؤں کے نام پر رکھنا شروع کیے، ایک آم کا نام انھوں نے ’ایشوریہ‘ بھی رکھا، یہ ان کے تیار کردہ بہترین آموں میں سے ایک تھا۔

انھوں نے کہا ’’یہ آم اتنا ہی خوب صورت تھا جتنا کہ اداکارہ، ایک آم کا وزن ایک کلو گرام سے زیادہ تھا، اس کی بیرونی جلد کی رنگت سرخی مائل تھی، اور اس کا ذائقہ بہت میٹھا تھا۔

8 بچوں کے والد کلیم اللہ نے بتایا کہ ایک آم کا نام انھوں نے انارکلی بھی رکھا، ایک نام سچن ٹنڈولکر کے اعزاز میں بھی رکھا، انھوں نے کہا کہ لوگ آئیں گے اور جائیں گے، لیکن آم ہمیشہ رہے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں