ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 8 میں آج 16 واں میچ کھیلا جائے گا دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ میدان میں جیت کی جنگ لڑیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ دفاعی چیمپئن آج اپنے ہوم گراؤنڈ پر رواں ایونٹ کا دوسرا میچ کھیلے گی اور قذافی اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹاکرا ہوگا۔
یونائیٹڈ کے پاس جہاں کولن منرو، آصف علی اور اعظم خان جیسے جارحانہ بلے باز ہیں تو وہیں لاہور قلندرز کے پاس کپتان شاہین آفریدی کے ساتھ حارث رؤف اور زمان خان کی صورت میں بہترین پیس اٹیک موجود ہے تو آج جہاں شائقین کرکٹ کو اسلام آباد کے بیٹرز چھکے چوکے لگاتے دکھائی دیں گے تو وہیں لاہور کے پیسرز خوب وکٹیں بھی اڑائیں گے۔
دونوں ٹیموں نے رواں ایونٹ میں اب تک چار چار میچز کھیل رکھے ہیں جن میں تین میں فتح اور ایک میں شکست ہوئی ہے۔ قلندرز اور یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں کی کوشش ہوگی کہ وہ آج کا میچ جیت کر ایونٹ میں چوتھی فتح حاصل کریں اس کے لیے وہ ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گے۔
اب تک پی ایس ایل میں ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں پر نظر دوڑائی جائے تو اس میں اسلام آباد یونائیٹڈ آگے نظر آتی ہے۔ دونوں ٹیمیں 12 بار ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتری ہیں۔ 9 بار اسلام آباد کامیاب ہوئی تو لاہور نے 6 میچز میں فتوحات اپنے نام کیں۔
پی ایس ایل 8 کا یہ میچ آج شام 7 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔ ایونٹ کے تمام میچز اے اسپورٹس پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔